(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی ریاست اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان ٹیکس واجبات کا تنازعہ حل ہونے لگا۔اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کو دو ارب شیکل کی خطیر رقوم ٹیکسوں کی مد میں ادا کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی ریاست اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان طویل عرصے سے جاری ٹیکس وصولی کا تنازعہ اپنے حل کی جانب بڑھنے لگا ۔فلسطینی اتھارٹی کے شہری امورکی ذمہ دار کمیٹی کے چیئرمین اور اسرائیل کے لیے رابطہ کارحسین الشیخ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کو دو ارب شیکل کے ٹیکسوں کی رقم ادا کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر حسین الشیخ نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان پٹرول کے ٹیکسوں کا بحران ختم ہوگیا ہے۔ فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد اسرائیل نے رام اللہ اتھارٹی کو رقوم کی منتقلی شروع کردی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کو اسرائیل سے پٹرول کی سپلائی بھی شروع کردی گئی ہے۔ فلسطینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے بعد اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے روکے گئے اربوں شیکل کی ادائیگی کی راہ ہموار ہوگئی ہے