(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادار ہ )یورپی ملک فرانس کے صدرنے فلسطینی عوام کی امنگوں کی ترجمانی کردی،صدی کی ڈیل میں فلسطینی عوام کی خواہشات کا خیال نہیں رکھا گیا۔جلد صدی کی ڈیل کے مقابلے میں متبادل امن منصوبہ پیش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق فرانس کے صدر عمانویل میکرون نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے پیش کردہ صدی کی ڈیل منصوبہ فلسطینی عوام کی امنگوں کی ترجمانی نہیں کرتااور وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے تیار کردہ مشرق وسطیٰ کے امن منصوبے کا انتظار نہیں کریں گے بلکہ جلد ہی اسکے متبادل امن منصوبہ تیار کریں گے۔
صحافیوں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا فلسطینیوں اور اسرائیل پر ان کی مرضی کے خلاف کوئی فارمولہ مسلط نہیں کرسکتے۔ مذاکرات میں شامل گروپ جس حل پر متفق نہ ہوں اس پرعمل درآمد ممکن نہیں۔
فرانسیسی صدر کا مزید کہنا تھا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے مشیروں کے امن منصوبے کا انتظار نہیں کریں گے بلکہ وہ متبادل تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔