(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )عراقی حکومت نے فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت سمیت تمام حقوق کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق فلسطینی قوم کو دباو میں لانے کا کوئی بھی فیصلہ قبول نہیں کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ محمد علی الحکیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی قوم کو دباو میں لانے کا کوئی بھی حربہ عراق کے لیے ناقابل قبول ہوگا ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عراق قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے موقف پرقائم رہے گا۔
عراقی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ عراق ہمیشہ انسانی بنیادوں پر فلسطینی شہریوں کی حمایت اور مدد جاری رکھے گا اور فلسطینیوں کو انکے دیرینہ حقوق دلوانے کے لیے کسی بھی حد تک جائےگا۔انہوں نے مزید کہا کہ عراق یہ سمجھتا ہے کہ فلسطینیوں کو اپنا آزاد ملک بنانے اور بیت المقدس کو آزاد ریاست کا دارالحکومت بنانے کا حق ہے اور عالم اسلام سمیت عالمی برادری فلسطینیوں کے اس حق کو تسلیم کرتی ہے۔
عراقی وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین کے حوالے سے پیش کی گئی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کروائے۔
