(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )اقوا م متحدہ کے خصوصی مندوب برائے مشرق وسطی نیکولائے میلاڈینوف نے اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں کی گئی یہودی بستیوں کی تعمیر ،توسیع اور مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے لیے نئے گھروں کی تعمیر بین الاقوامی قوانین اور عالمی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں اقوام متحد ہ کے خصوصی مندوب برائے مشرق وسطی نیکو لائے میلا ڈینوف کا کہنا تھا کہ فلسطینی زمین پر یہودی آباد کاروں کے لیے مزید گھروں کی تعمیر سے اسرائیل صریحا عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔انہوں نے غرب اردن میں یہودیوں کے لیے 2300 گھروں کی تعمیر کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل تنازع فلسطین کے منصفانہ حل کی مساعی کے خلاف جا سکتا ہے ۔
دوسری طرف ترکی نے بھی فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہوئےاسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔
