(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے رات گئےمختلف فلسطینی علاقوں میں کارروائیاں،11 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں منگل کی رات چھاپے مارے جس میں 11 فلسطینی شہریوں کو انکے گھروں سے گرفتار کرلیا گیا۔گرفتاری کے بعد انکو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چار فلسطینیوں کو عاصرہ ایش شمالیہ نامی قصبے سے انکے گھروں پر دھاوا بول کر گرفتار کیا گیا۔مذکورہ افراد میں ایک شخص حال ہی میں اسرائیلی قید سے رہا ہو کر آیا تھا۔
دوسری طرف تلکریم ڈسٹرکٹ میں اسرائیلی فوج نے بالا نامی قصبے میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 3 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا،عینی شاہدین کے مطابق چھاپے کے وقت اسرائیلی فوج کی بڑی نفری قصبے میں داخل ہوئی اور گلیوں ،گھروں اور چھتوں کو گھیرے میں لے لیا ،جس سے مقامی لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔
بیت المقدس میں قابض فوج نے عظاریہ نامی گاؤں میں کاروائی کرتے ہوئے چار فلسطینی کو گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سے اسرائیلی فوج کے چھاپوں میں بہت تیزی آئی ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں اسرائیلی فوج 450 سے زائد فلسطینیوں کو انکے گھروں سے گرفتار کر چکی ہے۔