(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی ریاست کے فلسطینیوں پر مظالم جاری ، صیہونی فوج کا عوفر جیل میں قید فلسطینیوں پر دھاوا ، قیدیوں کو زدوکوب کرنے کے بعدتنگ کوٹھریوں میں قید کردیا۔
فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے پی پی ایس کی جانب سے موصول اطلاعات کے مطابق صیہونی افواج نے آج صبح بروز پیر مقبوضہ بیت المقدس میں رام اللہ اور بیتونیا کے درمیان قائم عوفر جیل میں قید فلسطینیوں پر اس وقت دھاوا بولا جب وہ اپنے سیلز میں موجود تھے۔
ادارے کی جانب سے موصول ہونیوالی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوج نے ان زندانوں کو خاص طور پر ہدف بنایا جہاں 18 سال سے کم عمر فلسطینی قید تھے ، اسرائیلی فوج نے نابالغ فلسطینی اسیروں کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر تنگ اور تاریک کوٹھریوں میں قید کیا جس کے کچھ دیر بعد بعض کو دوبارہ ان کے سیلوں میں واپس بھیج دیا گیا جبکہ دیگر کو تنگ اور تاریک کوٹھریوں میں قید کردیا گیا ۔
بتایا جارہا ہے کہ بعض قیدیوں کو عوفر جیل سے شہر کی دوسری جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ بعض کے بارے میں اطلاعات موصول نہیں ہوئیں کہ ان کو کہاں لے جایا گیا ہے۔
عوفر جیل میں اسرائیلی جارحیت، بربریت کے خلاف او ر اپنے بنیادی حقوق کی فراہمی تک متعدد فلسطینی قیدیوں نے بھوک ہڑتال شروع کردی ہے ۔