(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )لبنان میں ایک احتجاجی ریلی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فتح تحریک کے مقامی رہنما حسین جمال علاو الدین کے قتل کی فلسطینی علما نے شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کر کے فوری طور پر قرار واقعی سزا دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی علماء کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ لبنان میں عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں نکالی جانےوالی ایک پرامن ریلی پر فائرنگ اور تحریک فتح کے رہ نما حسین جمال علاو الدین کا قتل ایک سنگین اور مجرمانہ فعل ہے اور ہم اسکی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
قبل ازیں فلسطینی علماء کونسل نے قتل کیے گئے تحریک فتح کے رہ نما کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لبنانی حکومت سے اس واقعے کی آزادانہ تحقیقات کرانے اور اس میں ملوث عناصر کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ حسین جمال پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں لبنانی وزیر لیبر کے ایک متنازع قانون کے خلاف فلسطینی پناہ گزینوں نے احتجاجی جلوس نکالاتھا۔حملے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے اور کچھ ہی دیر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔