(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )مصر کے صدر عبدالفتح سیسی کی امریکی صدر کے داماد اور خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی جئیرڈ کوشنر سے اہم ملاقات۔ملاقات میں امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ جیسن گرین بیلٹ بھی موجود تھے۔ملاقات میں مشرق وسطی کے لیے امریکہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے مجوزہ امن منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مصری صدر عبدالفتح سیسی نے قاہرہ میں امریکی خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی جئیرڈ کوشنر اور امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطی جیسن گرین بیلٹ سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور امریکہ کی جانب سے اسرائیل فلسطین تنازعہ کے حل کے لیے پیش کیے جانے والے مجوزہ امن منصوبے کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصری صدر کے ترجمان باصم رازی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے اتفاق کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے لیے تجاویز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں مصری جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ عباس کامل ،مصری وزیر خارجہ سمیع شوکرے بھی شریک تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مصری صدر عبدالفتح سیسی نے ایک بیان میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ دو ریاستی حل کے لیے بات چیت اور مذاکرات کا جاری رہنا ضروری ہے۔اگر بات چیت جاری رہے تب ہی یہ بات زیر بحث لائی جا سکے گی کہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارلخلافہ ہونا چاہئے نا کہ اسرائیل کا۔
مصری صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مصر کی تمام تر حمایت فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور مصر کی مسئلہ فلسطین کے لیےکی جانے والی تمام تر کوششوں کا مقصد مسئلہ فلسطین کو کسی ایسی حل تک پہنچانا ہے جو فلسطینیوں کے لیے قابل قبول ہو۔
مصری صدر کے ترجمان کے مطابق صدر نے ان خیالات کا اظہار ایک اہم اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں مصر اور امریکہ کے دوران تعلقات کو بھی زیر بحث لایا گیا تھا۔