(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاروں کے لیے مزید گھروں کی تعمیر ایک خطرناک عمل ہے جو ایک نئے تنازعہ کو جنم دے گی۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان خبر رساں ادارے وفا نیو ز ایجنسی کا کہنا ہے کہ فلسطینی وزیر ا عظم محمد اشتیہ نے کینیڈا کے فلسطین میں تعینات نمائندے سے انکی فلسطین میں تعیناتی کی مدت ختم ہونے کے موقع پر رام اللہ میں ان سے ملاقات کی اور انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر اسرائیلی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے فلسطینی وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم خطے میں مسائل کا سبب بن رہے ہیں اور فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے مزید گھروں کی تعمیر ایک خطرناک عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات دو ریاستی حل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں اور خطے میں مزید تباہی کا دروازہ کھولیں گے۔
انہوں نے عالمی برادری کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی اور اسرائیل کے خلاف کسی بھی قسم کا عملی قدم نہ اٹھانا اسرائیل کو مزید شہہ دے رہا ہے اور فلسطینیوں کو درپیش مسائل کا سبب عالمی برادری کی خاموشی بھی ہے۔