(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صیہونی جبر اور پابندیوں کے سبب سیکڑوں فلسطینیوں کی جان خطر ے میں پڑ گئی۔غزہ پٹی میں لگائی گئی پابندیوں کے سبب تمام اسپتالوں میں تھیلیسیمیا اور ھیمو فیلیا کی ادویات کا اسٹاک ختم ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی پابندیوں کے سبب غزہ کی پٹی میں موجود تمام اسپتالوں میں تھیلیسیما اور ھیمو فیلیا نامی خطرناک بیماریوں کی ادویات ختم ہوگئی ہیںجس کے نتیجے میں ان بیماریوں کے مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے جیسے سنگین خطرے کا شکار ہو گئے ہیں۔
غزہ میں ھیموفیلیا اورخون کے امراض کے ڈاکٹر ھانی عیاش نے ایک پریس کانفرنس میں خبردار کرتے ہوئے بتایا کہ اگر فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے ان بیماریوں کی ادویات کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو سیکڑوں مریضوں کی جان کو لاحق خطرات شدید ہو سکتے ہیں اور کسی بڑے انسانی المیے کا سبب بن سکتے ہیں۔ ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں تھیلیسمیا کے مریض بچوں کی حالت زیادہ تشویشناک ہے۔ غزہ میں نہ صرف تھیلیسیمیا بلکہ دانتوں کے امراض کی ادویات کی بھی قلت ہے۔
ھانی عیاش نے مزید بتایا کہ فلسطین میں تھیلیسیمیا کے 866 مریض ہیں جن میں غزہ میں 308 غزہ کے اسپتالوں میں ہیں۔ ان میں 56 بچے الرنتیسی اسپتال میں جب کہ 97 بالغ مریض ہیں۔ ان میں 156 یورپی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔