(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) چین کی جانب سے صیہونی ریاست اسرائیل کی فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کی شدید الفاظ میں مذمت، اقوام متحدہ سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب وہ ہائیتو نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطین کے علاقے صورباہر میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورباہر میں اسرائیلی جارحیت نے بین لاقوامی سطح پر توجہ حاصل کرلی ہے ۔
انھوں نے بین لاقوامی برادری سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کو فوری رکوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو فوری طور پر فلسطینیوں کے علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات کے کام کو رکوایا جائے
انھوں نے اسرائیلی جارحیت پر دنیا کو متوجہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات اور فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری مسئلہ فلسطین اور دوریاستی حل کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے
واضح رہے کہ پیر کے روز صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے صور باہر میں فلسطینیوں کے 100سے زائد مکانات کو مسمار کردیا تھا جس میں سے زیادہ تر زیرتعمیر تھے جبکہ دیگر میں خاندانوں کی رہائش تھی ، اسرائیلی جارحیت سے متعدد گھرانے بے گھر ہوگئے ہیں ۔