(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی اتھارٹی نے قابض صہیونی انتظامیہ کی جانب سے صورباہر میں درجنوں فلسطینی مکانات مسمار کرنے کی شدید مذمت کردی،جلد ہی اہم اجلاس بلانے کا اعلان،اسرائیل سے کیے گئے تمام معاہدوں پر نظر ثانی کا بھی اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے صدر نے اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی قصبے صور باہر میں فلسطینی مکانات کی مسماری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی جلد اہم اجلاس بلائے گی جس میں اسرائیل سے کئے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔
فلسطینی صدر کے ترجمان نبیل ابو رودینہ کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں ان تمام معاہدوں کو زیر بحث لایا جائے گا جو گزشتہ عرصے میں اسرائیلی ریاست سے کئے گئے ہیں۔
اسی تناظر میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے سیکرٹری صائب اریکات نے نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایل او کا ہنگامی اجلاس فوری رام اللہ میں طلب کر لیا گیا ہے ۔جہاں اسرائیل سے تعلقات کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی انتظامیہ نے تمام تر بین الاقوامی تنقید اور فلسطینیوں کے احتجاج کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گزشتہ روز سے مقبوضہ بیت المقدس کے نواح میں فلسطینیوں کے مکانوں کو مسمار کرنا شروع کردیا ہے۔
کل شام سیکڑوں اسرائیلی فوجی اہلکار بیت المقدس کے نواحی علاقے صور باہر میں بلڈوزر اور دیگر بھاری مشینری کے ہمراہ پہنچ گئے اور مکانات کی مسماری کا آغاز کر دیا ۔