(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور خصوصی مشیر برائے مشرق وسطیٰ جیئرڈ کوشنر رواں ماہ مشرق وسطیٰ کا دورہ کرنے والے وفد کی سربراہی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ بحرین کےدارالحکومت منامہ میں ہونے والی نام نہاد اقتصادی کانفرنس میں فلسطینیوں کے لیے پیش کیے جانے والے 50 بلین ڈالرکے معاشی پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکی وفد رواں ماہ مشرق وسطیٰ کے اہم ممالک کے دورے پر روانہ ہو رہا ہے جس کی سربراہی امریکی صدر کے خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی جئیرڈ کوشنر کریں گے۔
امریکی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ کوشنرکے ہمراہ مشرق وسطیٰ کے امن عمل کے لیے خصوصی ایلچی جیسن گرین بلیٹ اور اسٹیٹ ڈیپارٹ کے افسر برائن ہک ہونگے اور یہ تین رکنی وفد صدی کی ڈیل کے تحت فلسطین کو پیش کیے جانے والے 50 بلین ڈالر کے معاشی پلان کو حتمی شکل دے گا۔
امریکی انتظامیہ کے مطابق یہ تین رکنی وفد دورے میں اسرائیل ،اردن ،مصر ،سعودی عرب،قطر اور متحدہ عرب امارات میں قیام کرے گا اور ان ممالک کی انتظامیہ سے معاشی پلان سے متعلق بات چیت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق امریکی وفد رواں ماہ کے آخر میں مشرق وسطی کے دورے پر پہنچے گا اور اس کی واپسی اگست کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دورے کا مقصد اقتصادی کانفرنس کے انعقاد کے بعد بننے والی فضا کو برقرار رکھنا ہے اور امریکہ کی یہ خواہش ہے کہ اسرائیل۔فلسطین تنازعے کو اسرائیلی منشا کے مطابق جلد از جلد حل کر لیا جائے۔