(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )شدت پسند یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسلمانوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ،کیفی حارث نامی قصبے میں بزرگ کے مزار پر دھاوا بول دیا۔
تفصیلات کے مطابق شدت پسند یہودی آباد کار مسلمانو ں کے مقدس مقامات پر حملے کر کے انکو مسلسل اشتعال دلانے کی کوشش کر رہے ہیں،ایسا ہی ایک واقعہ جمعہ کی دوپہر سالفیت شہر کے شمالی قصبے کیفی حارث میں پیش آیا جب درجنوں کی تعداد میں یہودی آباد کار قصبے میں موجود ایک مزار میں گھس گئے اور وہاں شدید توڑ پھوڑ کی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض یہودی آباد کار درجنوں کی تعداد میں تھے اور انکی سرپرستی اسرائیلی فوج کے سپاہی کر رہے تھے جب کہ حملے سے پیشتر ہی قریبی آبادی کو گھروں میں ممکنہ ردعمل کے خوف سے گھروں میں محصور کردیا گیا تھا۔اس واقعے کے بعد سے مقامی آبادی میں شدید اشتعال کی کیفیت پائی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مسلمانوں کے مقدس مقامات پر دھاوابول کر انکا تقدس پامال کرنا یہودی آباد کاروں کا وطیرہ بنتا جا رہا ہے اور ان واقعات میں اب دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔