(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی افواج کی جانب سے فلسطینیوں پر زمین تنگ کرنے کا سلسلہ جاری،بیت المقدس کے قصبے سلوان میں فلسطینی شہری کی 4 دکانیں مسمار کردیں۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے،بدھ کی شام بیت المقدس میں واقع قصبے سلوان میں فلسطینی شہری کی چار دکانیں گرا کر مسمار کردیں۔
مقامی ذرائع سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجی بلڈوزر کے ہمراہ سلوان قصبے میں پہنچ گئے اور دکانوں پر دھاوا بول دیا۔وہاں موجود محمد ال عباسی نامی فلسطینی شہری کی چار دکانیں بلڈوزر کی مدد سے مسمار کردیں۔اس سے دو روز قبل دکانوں کے مالک کو اسرائیلی فوج نے دھمکی دی تھی کہ اہنا سامان دکانوں سے باہر کر لو ورنہ سامان بھی ملبے تلے دب کر تباہ ہو جائے گا۔
مقامی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور اسرائیلی فوج کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔تاہم مظاہرین کے خلاف روایتی حربہ استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کی فائرنگ کر کے اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کردیا۔