(روز نامہ قدس۔آنلائن خبر رساں ادارہ )امریکی کانگریس کی خاتون رکن راشدہ طلیب کی اسرائیل کو نسل پرست ریاست قرار دیتے ہوئے شدید تنقید،انہوں نے اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دے ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی خاتون رکن راشدہ طلیب نے اسرائیل کو ایک نسل پرست ریاست قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ جب وہ اپنی والدہ کے ساتھ فلسطین گئی تھیں تو انکی والدہ کو مقامی یہودیوں سے الگ قطار میں کھڑا کیا گیا تھا جو جو کہ امتیازی سلوک کام مظہر تھا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وہاں فلسطینیوں اور اسرائیلوں کے لیے الگ الگ رنگ کی لائسنس پلیٹس دیکھیں۔
انہوں نے اسرائیلی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے ایسے اقدامات کر رہا ہے جس سے صہیونی نسل پرستی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دنیا کو اب یہ سمجھ لینا چاہئے کہ فلسطینیوں کا قتل عام ہو رہا ہے،وہ مارے جارہے ہیں ،اور ان سب مظالم کا سبب اسرائیل کا غیر قانونی وجود ہے۔عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کے اسرائیلی مظالم کی روک تھا م کے لیے اب کوئی انتہائی قدم اٹھانا بہت ضروری ہو گیا ہے۔