(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی فوج کی جانب سے گھر گھر چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری،منگل کے روز غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں تلاشی کی مختلف کارروائیوں کے دوران 14 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
اسرائیلی فوج کے ذرائع نے اردن کے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں چھاپوں کے دوران 12فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کا دعوی کیا ہے اور یہ الزام عائد کیا ہے کہ گرفتار افراد مطلوب شدہ لوگوں کی فہرست میں شامل تھے۔ان پر الزام تھا کہ وہ اسرائیلی افواج کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
اسرائیلی فوج نے گرفتار شدہ لوگوں کے گھروں سے اسلحہ برآمدگی کا بھی دعوی کیا ہے۔
ادھر غرب اردن کے شمالی شہر نابلس سے دو فلسطینیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ قابض فوج نے الخلیل شہر میں بیت عوا کے مقام پر تلاشی کےدوران سابق اسیر معتصم فاروق شلش المسالمہ کو حراست میں لے لیا۔ اسی طرح جبل جوہر میں تلاشی کےدوران دو سگے بھائیوں طارق اور عدنان خضر ادریس کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔