(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل کی مرکزی عدالت نےانتہائی جانب داری اور تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینی اتھارٹی کو سنہ 2000سے2005کے بیچ ہونے والے 17 فدائی حملوں کا ذمہ دار قرار دے دیا۔
اسرائیل کے مقامی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی مرکزی عدالت نےایک فیصلہ جاری کیاہے جس میں الزام عاید کیا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی ماضی میں غرب اردن میں 17 فدائی حملوںکی ذمہ دار ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد حملوں کے متاثرین فلسطینی اتھارٹی کے خلاف ایک ارب شیکل ہرجانے کا دعویٰ دائر کرسکتےہیں۔ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے وکیل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی عدالت کا متعصبانہ فیصلہ سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں در حقیقت اس فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، یہ ایسے ہی ہے کہ اسرائیل کے زیرانتظام علاقوں میں کوئی قتل کا مجرم پکڑا جائے تو اس کی زمہ داری اسرائیلی پولیس پر ڈال دی جائے۔