(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )امریکہ میں مقیم فلسطینی قانون دان نے دنیا بھرمیں موجود فلسطینیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا، فلسطینی نژاد عبدلماجد ہادی امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر پیٹرسن کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائزہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایک طرف جہاں سرزمین فلسطین میں موجود فلسطینی قابض قوتوں کے خلاف مسلسل جدوجہد میں مصروف ہیں ،وہاں اپنی مٹی سے دور فلسطینی بھی اپنی سرزمین کا نام روشن کر کے اسکا قرض ادا کر رہے ہیں۔
دنیا بھرمیں اعلی مناصب پر پہنچنے والے فلسطینیوں میں عبدل ماجد ہادی کا بھی نام شامل ہوگیا جو حال ہی میں امریکہ کی ایک ریاست نیوجرسی کے شہرپیٹرسن کے چیف جسٹس کے عہدے پرفائز ہوئے ہیں۔
وہ پہلے فلسطینی ہیں جو اس عہدے تک پہنچے ہیں، عبدل ماجد جن کا تعلق فلسطینی شہررام اللہ کے علاقے دیردبوان سے ہے، نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ قانون کے شعبہ سے منسلک ہوکرگزارا ہے، کیریئر کے آغاز میں انہوں نے ایک طویل عرصہ پبلک پروسیکیوٹر کے طور گزارا،اس کے بعد ان کو سٹی جج کے عہدے پر تعینات کیا گیا، ان کی مسلسل محنت رنگ لائی اور اب وہ چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہیں۔
پیٹرسن شہر کے میئر نے اس موقع ہر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عبدلماجد ہادی کے فیس بک پیج پر لکھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی فلسطینی اس عہدے تک پہنچا ہے اور یہ امریکی عدالتی تاریخ میں ایک اہم ترین دن ہے۔