(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مشہور فلسطینی صحافی اورلکھاری رمزے بارود جو کہ آج کل افریقی ملک کینیا کے دس روزہ دورے پر ہیں،نے کہا ہے کہ کینیا فلسطین پر اسرائیل قبضے کے خلاف جدوجہد میں ہمارا فطری اتحادی ہے،انہوں نے کہا کہ ماضی میں کینیا پر کالونیل قبضے کے خلاف کینیا کے مقامی لوگوں کی بے پناہ مزاحمت یہ ثابت کرتی ہے کہ اپنی سرزمین سے مسلح جدوجہد کے ذریعے قابض قوتوں کو بھگانا دہشت گردی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی صحافی کینیا کے دس روزہ دورے پرہیں جہاں وہ فلسطین، کینیا یکجہتی ہفتے کی تقریبات میں شرکت کریں گے، انہوں نے کینیا کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کینیاکو جو پیسہ اسرائیل امداد کے نام پر دے رہا ہے وہ مفت میں نہیں ہے بلکہ اسرائیل کی یہ خواہش ہے کہ کینیا کی حکومت اور عوام فلسطینی کاز کی غیر مشروط حمایت چھوڑ دیں۔
یاد رہے کہ بارود پہلے فلسطینی لکھار ی ہیں جن کو کینیا فلسطین یکجہتی موومنٹ نے ہفتہ یکجہتی منانے کے لیے خصوصی طور پر کینیا مدعو کیا ہے،ان کی باتیں سننے اور دلچسپ مباحث میں شرکت کرنے کے لیے کینیا کے ہزاروں شہری دارلحکومت نیروبی پہنچے ہیں۔