قابض صیہونی افواج کی ریاستی غنڈہ گردی جاری،اتوار کے روز گھروں میں گھس کر چادر اور چار دیواری کاتقد س پامال کرتے ہوئے فلسیطنی وزیر فادی ال حادمی سمیت درجنوں بے گناہ فلسطینی شہری گرفتار کر لیے۔چھاپہ مار کاروائیاں العیسویہ کے علاقے میں کی گئیں۔
فلسطینی وزارت اطلاعات کے افسر عواد عواد نے نے صحافیوں کو بتایا کہ صیہونی فوجیوں اور انٹیلی جنس آفیسرز نے بیت المقدس سے ملحقہ علاقے میں ال حادمی کے گھر کا محاصرہ کیا اور ان کو گرفتار کیا،ذرائع کے مطابق انکی گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب حال میں ہی انہوں نے لاطینی امریکا کے ملک چلی کے دورہ فلسطین کے دوران انکے ہمراہ مسجد اقصی کا دورہ کیا تھا جس پر اسرائیلی حکام ان پر سیخ پا تھے۔
فلسطینی اٹارنی جبارہ کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری اسرائیل کی جانب سے ایک اور اشتعال انگیز قدم ہے،جو دائیں بازوں کے انتہاپسند یہودیوں کی خوشنودی کے لیے اٹھایا گیا ہے،یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے چلی کے صدر کو مسجد اقصی کا دورے سے روکنے کے لیے پولیس آفیسرز تک پر حملہ کیا۔
قبل ازیں صیہونی افواج نے مسلسل دوسرے روز ظلم و ستم کا بازار گرم کیے رکھا،متعدد گھروں پر چھاپے مارے گئے،العیسویہ اور ملحقہ علاقوں میں گھروں میں گھس کر درجنوں بے گناہ فلسطینیوں کو گرفتار کر کے نا معلوم مقامات پر منتقل کر دیا گیا،جن میں گزشتہ ہفتے اسرائیلی افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے محمد سامر عبید کے قریبی رشتہ دار بھی شامل تھے۔