(روز نامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی ریاست نے مجد کی جیل میں قید فلسطینی بھوک ہڑتالی پر عرصہ حیات مزید تنگ کردیا،جعفر ابراہیم محمد عزالدین نامی اسیر پر نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق صیہونی ریاست کی ایک مقامی عدالت نے اعلان کیا ہے کہ بھوک ہڑتالی قیدی جعفر عزالدین ایک ماہ تک قید تنہائی میں رہیں گے اور کسی بھی رشتے دار سے ملاقات نہیں کر سکیں گے،نہ ہی وہ جیل کی کینٹین سے اپنی مرضی کی کوئی چیز خرید سکیں گے اور نہ ہی وہ دیگر قیدیوں سے وقت گذاری کے لیے راہ و رسم بڑھا سکیں گے،صیہونی حکام نے اس قبیح عمل کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پابندیاں جعفر کی بھوک ہڑتا ل کی وجہ سے عائد کی گئی ہیں۔
فلسطین میں شہداء اور قیدیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ جعفر ابراہیم عزالدین مسلسل 15 دن سے انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جعفر عزالدین نے 16 جون 2019ء کو انتظامی قید میں منتقل کیے جانے کے خلاف بہ طوراحتجاج بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔
جعفر کا کہنا ہے کہ جب تک اس کی رہائی عمل میں نہیں آتی وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم نہیں کرے گا۔