بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) بیت المقدس کے شمالی شہر العیسویہ میں صیہونی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں، گھرگھر تلاشی کی آڑ میں فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مار اور اغواء اور انتظامی قید کے خلاف مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر فائرنگ صیہونی فورسز نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 19 سالہ محمد سمیر عبید شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔
فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں صیہونی بربریت کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ العیسویہ کے رہائشیوں نے صیہونی مظالم کے خلاف احتجاج شروع کیا جس کے بعد صیہونی فورسز نے مظاہرین کو منتشرکرنے کےلئے آنسو گیس کا استعمال کیا ۔
فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فورسز کے ساتھ ہونےوالی جھڑپوں میں فلسطینیوں نے صیہونی فوج پر پتھراؤ کیا، صیہونی فورسزنے مظاہرین پر براہ راست گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں کم سے کم 8 فلسطینی زخمی جبکہ محمد سمیر عبید شہید ہوگئے ،
بیان میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فورسز نے محمد سمیر عبید کو گولیاں مارنے کے بعد ایک گھنٹے تک زخمی حالت میں چھوڑدیا جبکہ طبی امداد کے عملے اور ایمبولینس کو زخمی تک جانے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ شہید ہوگیا