لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے بحرین کے شہر منامہ میں منعقد ہونے والی ڈیل آف سنچری کانفرنس کی شدیدمخالفت کردی ہے.
انہوں نے کہا ہے کہ لبنان ڈیل آف سنچری کے نام پر فلسطینوں کے حقوق کے سودے کے بلکل خلاف ہے اور اس معاملے میں وہ مکمل طور پر فلسطینوں کے نقطہ نظر کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔
ایک بیان کے مطابق لبنانی وزیراعظم سعد حریری کا یہ کہنا تھا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ڈیل آف دی سنچری امریکہ کی فلسطینوں کے خلاف گہری سازش ہے اور تمام لوگ فلسطین کے معاملے میں امریکہ کی بدنیتی سے بہت اچھی طرح آگاہ ہیں،لہذا لبنانی حکومت اور پارلیمنٹ مکمل طور پر اس معاملے کی مکمل مخالفت کرتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماضی کی طرح آج بھی لبنان کی حکومت اور لبنانی عوام فلسطین عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،یہ بات قابل ذکر ہے کہ لبنان کو منامہ کانفرنس میں امریکہ کی طرف سے شرکت کی دعوت دی گئی تھی،لیکن اس کے باوجود لبنانی حکومت نےکانفرنس میں شرکت سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ امریکہ، سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات صدی کی ڈیل کی بھر پور حمایت کررہے ہیں جبکہ دیگر عرب اوراسلامی ممالک اس کے خلاف ہیں۔