قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کے ساحل سے گرفتار تین فلسطینی ماہی گیروں کو رہا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں ماہی گیر یونین کے سربراہ نزار عیاش نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے وسط سے محمد نضال عیاش، مصعب نضال عیاش اور حازم الندی کو چند روز قبل مچھلیوں کے شکار کی کوشش کے دوران حراست میں لیا تھا۔
انہوں نے فلسطینی ماہی گیروں کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ غزہ کے ماہی گیر اپنے اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے مچھلیوں کا شکار کرتے ہیں اور اسرائیلی فوج ایک منصوبے کے تحت فلسطینی ماہی گیروں کو ہراساں کر کے انہیں اور ان کے بچوں کے منہ سے لقمہ چھین رہی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سمندر میں مچھلی کے شکار کےلئے نئی پابندیاں عائد کی جاتی ہیں جس کے تحت ماہی گیروں کو گرفتار جبکہ فائرنگ سے انکی کشیاں تباہ کی جاتی ہیں اکثر ہونے والی فائرنگ سے ماہی گیروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات آتی رہتی ہیں