منامہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عرب صحافیوں کے متحدہ محاذ نے صہیونی ریاست کے ساتھ عرب ممالک کے تعلقات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عرب ممالک اور مسلمان ممالک سے اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
روزنامہ قدس کے مطابق، عرب صحافتی اتحاد کی طرف سے اتوار کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ منامہ میں امریکا کی دعوت پر جون کے آخر ہونے والی کانفرنس فلسطینی قوم اور قضیہ فلسطین کے خلاف گہری سازش ہے۔ بیان میں عرب ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ منامہ کانفرنس کا مکمل بائیکاٹ کریں۔
عرب صحافتی الائنس کی طرف سے یہ بیان قاہرہ میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل مل کر قضیہ فلسطین کے تصفیے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ ان کامقابلہ کرنے کے لیے عرب اور مسلمان ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر ۲۵ اور ۲۶ جون کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں عالمی اقتصادی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق سلب کر کے انہیں بعض مالی مراعات کے ذریعے لبھانے کی کوشش کی جائے گی۔