بیروت(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)فلسطینی پناہ گزینوں کے امور کی ذمہ دار اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ‘اونروا’ کی طرف سے اسکولوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کیے جانے کے خلاف فلسطینیوں نے احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔
روزنامہ قدس کے مطابق "اونروا” کی طرف سے اسکولوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کرنے پر فلسطین کے بعد لبنان میں بھی موجود فلسطینی پناہ گزینوں نے احتجاج کیا اور اونروا کے خلاف دھرنا دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اونروا نے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ وہ مالی بحران کے باعث فلسطینی پناہ گزینوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کر دیں گے۔
اونروا کے اس اعلان کے بعد لبنان میں سول سوسائٹی، ملازمین یونین، عوامی کمیٹیوں اور این جی اوز کے ساتھ ساتھ اقوامتحدہ میں فلسطینی ملازمین نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اونروا کی طرف سے اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کرنے سے 3000 فلسطینی طلباء کا مستقبل دائو پر لگ جائے گا جب کہ 10 ہزار طلباء کے موسم سرما کے تعلیمی پروگرام متاثر ہوں گے اور 250 فلسطینی ملازمین کو ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے دفاع کی ذمہ دار کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل علی ھویدی نے بیروت میں منعقدہ مظاہرے سے ٹیلیونک خطاب میں کہا کہ انہیں اس ریلی میں براہ راست شرکت نہ کرنے کا افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اونروا کے اسٹڈی سپورٹ پروگرام کے ذریعے فلسطینی پناہ گزین طلباء کے 70 فی صد تعلیمی اخراجات ادا کیے جاتے ہیں۔