غزہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)فلسطینی اتھارٹی نے غزہ کی پٹی کے شہریوں پر معاشی بم گراتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید 25 فی صد کمی کر دی ہے۔
فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے غزہ کی پٹی کے ملازمین کی تنخواہوں میں پہلے ہی 50 فی صد کمی کی گئی تھی۔ اس میں مزید کمی کردی گئی ہے۔ دوسری جانب فلسطینی عوام نے فلسطینی اتھارٹی کے معاشی انتقام کے خلاف سخت غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔
قابل ذکر رہے کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیل کی طرف سے رقوم روکے جانے کے بعد غزہ کی پٹی کے ملازمین کو دو ماہ سے ان کی تنخواہوں کا 60 فی صد ادا کررہی تھی۔
دو سال قبل فلسطینی اتھارٹی نے غزہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 سے 70 فی صد کمی کر دی تھی۔ اس کے علاوہ ہزاروں سرکاری ملازمین کو سیاسی بنیادوں پر جبری اور قبل از وقت ریٹائرڈ کر دیا گیا۔
غزہ میں بنک ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کا صرف 40 فی صد ارسال کیا گیا ہے۔ غزہ میں سرکاری ملازمین کی تنظیم کے سربراہ عارف ابو جراد نے بتایا کہ غزہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فی صد مزید کٹوتی کی گئی ہے۔