رام اللہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)تحریک الفتح کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ بعض عرب ممالک جیسے سعودی عرب، مصر اور عرب امارات نے ‘صدی کی ڈیل’ منصوبے کو تسلیم کر لیا ہے اور یہ ممالک اب سیاسی اور مالی دباو کے ذریعے فلسطینیوں کو یہ منصوبہ تسلیم کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی تنظیم الفتح کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر الخلیج آنلاین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بعض عرب ممالک فلسطینی عوام پر دباو ڈال رہے ہیں کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبہ ‘صدی کی ڈیل’ تسلیم کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بعض عرب ممالک جیسے سعودی عرب، مصر اور عرب امارات نے ‘صدی کی ڈیل’ منصوبے کو تسلیم کر لیا ہے اور یہ ممالک اب سیاسی اور مالی دباو کے ذریعے فلسطینیوں کو یہ منصوبہ تسلیم کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ فلسطینی تحریکوں کے رہنما کبھی بھی ان عرب ریاستوں کے دباو میں نہیں آئیں گے اور امریکی منصوبہ کے آگے ہر گز نہیں جھکیں گے۔
خیال رہے کہ امریکی عہدیداروں نے اعلان کیا ہے کہ صدی کی ڈیل منصوبے کو ماہ مبارک رمضان کے بعد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔