الخلیل (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے جمعہ کی صبح الخلیل میں الجامع کے مضافات میں دو اپارٹمنٹس کو مسمار کر دیا جو فلسطینی قیدی عرفات عرفيا کی ملکیت تھے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے کہا کہ بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجیوں نے پانچ منزلہ عمارت کو گھیرے میں لے کر دھاوا بول دیا اور عرفیا کے ملکیتی دو اپارٹمنٹس کو مسمار کرنے سے پہلے رہائشیوں کو گھروں سے باہر نکال دیا۔ اس کے نتیجے میں بپھرے ہوئے نوجوانوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان پُر تشدد جھڑپیں پھوٹ پڑیں۔
مارچ کے آغاز میں اسرائیلی فوج نے عرفیا کے خاندان کو فوجی حکم نامہ تھمایا تھا جس میں اطلاع دی گئی تھی کہ اسرائیلی فوج انکے اپارٹمنٹ کو مسمار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
فلسطینی قیدی عرفیا مقبوضہ بیت المقدس میں تقریبا دو ماہ پہلے خاتون صیہونی آباد کار کو قتل کرنے کا الزام میں اسرائیلی جیل میں قید ہیں۔