نابلس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی زندانوں میں اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف سیکڑوں فلسطینیوں کی بھوک ہڑتال میں اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کے لیے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں ایک کھلے میدان میں نماز جمعہ کا اہتمام کیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نابلس میں میدان شہداء میں سیکڑوں فلسطینیوں نے اسیران کی بھوک ہڑتال میں ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر ان نماز جمعہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
یکجہتی جمعہ کا اہتمام مقامی فلسطینی سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی اپیل پر کیا گیا تھا۔ کھلے میدان میں نماز جمعہ کا اہتمام غرب اردن میں اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے دو ہفتہ پروگرام کا حصہ ہے۔
اس سرگرمی کا مقصد اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل بھوک ہڑتال اسیران کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا اور اسیران کو درپیش مشکلات اور مصائب کے حوالے سے عوامی سطح پر آگاہی اور شعور اجاگر کرنا ہے۔
نماز جمعہ کی امامت کے فرائض نابلس میں محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر الشیخ محمد زید الکیلانی نے انجام دیئے۔ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں انہوں نے فلسطینی اسیران کے اصولی مطالبات، القدس اور مسجد اقصیٰ سمیت قضیہ فلسطین کو لاحق صیہونی خطرات پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں پابند سلاسل فلسطینی اسیران کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا اور ان کے ساتھ یکجہتی کی سرگرمیوں میں حصہ لینا قومی اور دینی فریضہ ہے۔