مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) کل جمعرات کو درجنوں صیہونی آباد کار تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کو علی الصباح مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوجی افسروں سمیت درجنوں صیہونی داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے بتایا کہ جمعرات کو صیہونی آباد کار پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں قبلہ اوّل میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی آباد کاروں کے ایک گروپ کی قیادت شدت پسند یہودی مذہبی لیڈر یہودا گلیک نے کی۔ اس موقع پر مسجد کے محافظوں نے صیہونیوں کو قبلہ اوّل میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی تو صیہونیوں نے انہیں زدو کوب کیا۔ اسرائیلی پولیس نے بھی فلسطینی محافظوں کو پیچھے دھکیل دیا اور صیہونی آباد کاروں کو آزادی کے ساتھ مسجد میں گھومنے کی اجازت دی گئی۔
نامہ نگار کے مطابق صیہونی آباد کاروں کی قبلہ اوّل پر یلغار کے وقت فلسطینیوں کی بڑی تعداد بھی مسجد اقصیٰ میں جمع ہوگئی۔ فلسطینیوں نے یہودیوں کی اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرنے اور انہیں روکنے کی کوشش کی مگر اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی آباد کاروں کی اشتعال انگیز یلغار کے باعث مسجد اقصیٰ میں کشیدگی پائی جار ہی ہے۔ مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسرائیلی فوج اورپولیس کی بھاری نفرتی تعینات ہے۔