مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے شہید فلسطینی عمر ابو لیلیٰ کا مکان مسمار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ میجر جنرل ندائو بادان نے مغربی سلفیت کے علاقے الزاویہ کے رہائشی شہید عمرابو لیلیٰ کا مکان مسمار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہید فلسطینی کے مکان کی مسماری قانون کے عمل میں لائی جائے گی اور اس پرعمل درآمد 5 دن کے اندر اندر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ابو لیلیٰ کو اسرائیلی فوج نے 19 مارچ کو تین دن مسلسل تعاقب کے بعد غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں عبوین کے مقام پر گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ اس پر سلفیت میں 17 مارچ کو دو صیہونی آباد کاروں کو قتل اور متعدد کو زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔