نابلس(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی آباد کاروں کے ایک گروپ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع نابلس کے بورين گاؤں میں فلسطینیوں کے ملکیت زیتون کے درجنوں درخت اجاڑ دیے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ فلسطینی زمین پر غیر قانونی طور پر بنائی گئی يتسھار یہودی بستی سے کثیر تعداد میں آنے والے صیہونی آباد کاروں نے بورین گاؤں میں زیتون کے درجنوں درختوں کو کاٹ دیا۔
کاٹے جانے والے درخت 80 سال سے پرانے تھے اور وہ فلسطینی شہری ماجد زبن کی ملکیت تھے۔
اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں تقریبا 46 فیصد علاقے پر تقریبا 427 غیر قانونی صیہونی بستیاں تعمیر کی ہیں جہاں ایک اندازے کے مطابق تقریبا سات لاکھ صیہونی آباد کار مقیم ہیں جو تقریبا روزانہ فلسطینیوں اور انکی املاک پر حملے کرتے رہتے ہیں۔