مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت 9 اپریل کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل فلسطینی علاقوں میں صیہونی آباد کاری کے ایک نئے منصوبے کا اعلان کرنے والی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ریڈیر ’’کے اے این‘‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نو اپریل سے قبل آئندہ ہفتے کے دوران صیہونی آبادکاروں کے لیے 4500 نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مکانات فلسطین میں قائم کردہ مشرقی نابلس کی ’’الون موریہ‘‘ صیہونی کالونی میں تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ان میں بعض مکانات، الکانا، بدوئل، واٹز فرائم، مغربی سلفیت میں بدوئل، مشرقی رام اللہ کی حاریش اور دیگر صیہونی کالونیوں میں تعمیر کیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تمام مکانات آئندہ نو اپریل کو ہونے والے کنیسٹ کے انتخابات سے قبل منظور کیے جائیں گے تاکہ حکومت اور اس میں شامل جماعتوں کو ووٹروں کے لیے ایک نیا لالچ دیا جاسکے۔