مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) کل بدھ کے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں دسیوں صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو136 صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی اور اشتعال انگیزحرکتیں کرکے فلسطینی نمازیوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی آباد کاروں کے دھاووں کے وقت اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری مسجد کے دروازوں پر تعینات کی گئی تھی۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے صیہونی آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ پر صیہونی آباد کاروں کے تازہ دھاوے ایک ایسے وقت میں بولے جب دوسری جانب اسرائیلی عدالت نے مسجد اقصیٰ کے باب رحمت کو دو ماہ کے لیے بند کر دیا ہے۔