عمان (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اردن کی پارلیمان نے اسرائیل سے گیس کی خریداری کا معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی ’’پیٹرا‘‘ کے مطابق اردنی پارلیمنٹ میں گذشتہ روز اسرائیل سے گیس کے حصول کے معاہدے پر بحث کی گئی۔
پارلیمنٹ کا اجلاس پارلیمنٹ کے اسپیکر عاطف الطراونہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملک کو درپیش توانائی کی ضروریات اور اسرائیل کے ساتھ گیس کے معاہدے پر بات چیت کی گئی۔
پارلیمنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ طے پائے گیس معاہدے کو منسوخ کرے۔ اس پر اجلاس میں موجود نائب وزیراعظم رجائی المعشر نے پارلیمنٹ سے دستور پر ریفرنڈم آئین کے آرٹیکل 33 پر حتمی فیصلہ آنے تک کی مہلت مانگی۔
المعشر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ گیس کے حصول کے معاہدے کی منسوخی دستوری عدالت کے فیصلے تک نہیں ہوسکتی۔
خیال رہے کہ اردن نے اسرائیل سے آئندہ پندرہ سال کے دوران 10 ارب ڈالر کی مالیت سے 1 اعشاریہ 6 ٹریلین گیس کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔