غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کی بائیں بازو کی سیاسی جماعت عوامی محاذ کی طرف سے 30 مارچ کو غزہ میں اسرائیل کے خلاف عظیم الشان ملین مارچ کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے۔ اس کےعلاوہ جماعت نے عوام الناس پر زور دیا ہے کہ وہ 43 ویں یوم الارض کے موقع پر غزہ میں ہونے والے عظیم الشان ملین مارچ میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عوامی محاذ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یوم الارض‘‘ کے موقع پر نہ صرف غزہ کی پٹی بلکہ مقبوضہ مغربی کنارے، بیت المقدس اور اندرون فلسطین بھی فلسطینیوں کو اپنے حقوق کے لیے گھروں سے نکل کر احتجاج کرنا ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی ناکہ بندی کے خاتمے اور پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے ایک سال سے جاری احتجاج نے مثبت اثرات مرتب کیے اور فلسطینیوں نے اس احتجاجی تحریک کے ذریعے قربانیاں دے کر پوری دنیا کو اپنے سلب شدہ حقوق کی طرف متوجہ کیا۔
عوامی محاذ کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کرنے اور تمام دستیاب وسائل کے استعمال کا حق رکھتی ہے۔ جب تک غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم نہیں ہوجاتا اس وقت تک غزہ میں احتجاج کی تحریک جاری رکھی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کو ساقط کرنے کی مذموم سازشیں جاری ہیں مگر فلسطینی پناہ گزین اپنے حق واپسی کے لیے جدوجہد ترک نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ 30 مارچ کو فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں ’’یوم الارض‘‘ کے موقع پر ایک عظیم الشان ملین مارچ منعقد کیا جائے گا۔