غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی حکام کے مطابق پیر کو علی الصبح تل ابیب کے شمال میں میزائل گرنے کے بعد ایک گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس کے نتیجے میں گھر میں موجود 7 افراد زخمی ہو گئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنی ٹویٹ میں بتایا ہے کہ غزہ پٹی سے داغا جانے والا میزائل پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق 3:20 پر ایک گھر پر گرا۔ ٹویٹ کے ساتھ ایک وڈیو بھی پوسٹ کی گئی جس میں طبی امداد کے ارکان متاثرہ گھر کے ملبے کے درمیان کارروائی میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔
اس حوالے سے اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تل ابیب کے شمال میں واقع قصبے میشمیرت میں گرنے والے میزائل سے ایک گھر کو شدید نقصان پہنچا۔
مذکورہ قصبہ غزہ پٹی سے 80 کلو میٹر سے زیادہ کی دوری پر واقع ہے۔
میزائل حملے کے بعد تل ابیب میں خطرے کی گھنٹی بجائی گئی۔
واضح رہے کہ تل ابیب پر میزائلی حملہ ایسے میں کیا گیا جب غاصب اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ پر کئی بار حملے کئے جن میں کئی فلسطینی شہید و زخمی ہوئے۔