بیت لحم (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک اور فلسطینی شہری کو گولیاں مار کر شہید کر دیا جس کے بعد 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی طرف سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مغربی بیت لحم میں وادی فوکین کے مقام پر 28 سالہ احمد جمال مناصرہ کو گولیاں ماریں۔ کئی گولیاں اس کے سینے میں پیوست ہوگئیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگیا۔
شہید فلسطینی کا جسد خاکی بیت جالا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے النشاش چیک پوسٹ کے قریب ایک فلسطینی کار پر فائرنگ کی جس میں سوار احمد مناصرہ شہید، علاء خیاضہ اور اس کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئے۔
اس واقعے سے ایک روز قبل اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں دو فلسطینی شہیوں کو بے دردی سے شہید کیا جب کہ اسی دوران رام اللہ میں عمر ابو لیلیٰ نامی فلسطینی نوجوان کو شہید کیا گیا۔
گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 21 سالہ راید ھاشم محمد حمدان اور 20 سالہ زید عماد محمد نوری سمیت 4 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔