رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہروں میں منگل کے روز گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 15 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج اتوار کے روز تین یہودیوں کو ہلاک کرنے کے بعد بہ حفاظت فرار ہونے والے فلسطینی نوجوان عمرابو لیلیٰ کو ڈھونڈ رہی ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سلفیت میں ’’ارئیل‘‘ صیہونی کالونی کے قریب تین یہودیوں کوہلاک کرنے کے بعد فرار ہونے والے فلسطینی کو تلاش کررہی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 15 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ان میں بعض اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں زعموط کے مقام پر تلاشی کےدوران اسلحہ قبضے میں لینے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے نواحی علاقوں سلواد، رنتیس، مغربی مزرعہ اور دیر ابو مشعل سے چار فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لیا۔