نیویارک(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ محصور فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی کے باشندوں کو امداد کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس چاہتے ہیں کہ غزہ کے علاقے کو امدادی سامان کی فراہمی اور وہاں کے باشندوں کی ضروریات پوری کرنےکے حوالے سے عالمی اور علاقائی سطح پر کی جانے والی کوششوں کو کامیاب بنایا جائے۔ اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی ان مساعی میں رخنہ نہ ڈالیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈگریک کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور مصر مل کر غزہ کے عوام کی مدد کی کوشش کررہے ہیں۔ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو ایک دوسرے کی زندگی خطرے میں ڈالنے کے بجائے باہمی تعاون سے کام لینا ہوگا۔