مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل صرف یہودیوں کا ملک ہے اور یہاں کسی اور کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسٹا گرام پر اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے ایک بار پھر اپنی متعصبانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ہر کسی کا ملک نہیں بلکہ یہ صرف یہودیوں کی سرزمین ہے۔
گزشتہ برس اسرائیلی وزیراعظم نے ایک قرار داد بھی منظور کرائی تھی جس کے تحت اسرائیل کو صرف یہودیوں کا ملک قرار دیا گیا تھا تاکہ فلسطینیوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا سکے۔
اس قراد داد کی منظوری سے عربی کا سرکاری زبان کا درجہ ختم کردیا گیا تھا اور اسے ثانوی زبانوں کی طرح خصوصی زبان کی حیثیت دے دی گئی تھی جب کہ عبرانی کی حیثیت میں اضافہ کردیا گیا تھا۔
وزیراعظم نیتن یاہو جنہیں کرپشن الزامات میں نااہلی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے وہ اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کے لیے مذہبی کارڈ کھیلتے ہوئے عرب فلسطینیوں کے بغض میں اسرائیل کو یہودیوں کی سرزمین قرار دے گئے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے اس قسم کے متنازع اور متعصبانہ بیانات در اصل ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے ہیں، اسرائیل میں رواں برس اپریل کے مہینے میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور کرپٹ زدہ نیتن یاہو کو اپنی ناکامی یقینی نظر آرہی ہے۔