غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی جماعت اسرائیلی عقوبت خانوں میں قید اسیران کے حقوق کا ہر ممکن دفاع کیا جائے گا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس تحریک اسیران کی سپریم فالو اپ کمیٹی کے ساتھ رابطے میں ہے۔ حالیہ ایام میں جزیرہ نما النقب جیل میں فلسطینی اسیران کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کے نتائج پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حماس فلسطینی اسیران کے حقوق کے دفاع اور اسرائیلی ریاست کے جرائم کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔
اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی اسیران کی قربانیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ حماس فلسطینی قوم کی قربانیوں اور اسیران کی خدمات کو فراموش نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت اور داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان اسیران پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر فلسطینی اسیران کے عزم کو شکست نہیں دی جا سکتی۔