غزہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے مسجد اقصیٰ اور القدس کو صیہونیوں کی جانب سے درپیش خطرات کے حوالے عالم اسلام، عرب رہنماؤں اور عالمی قیادت سے رابطے شروع کیے ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے مسجد اقصیٰ میں تازہ کشیدگی پر فلسطینی قیادت، عرب ممالک کے رہنماؤں اور عالم اسلام کے ساتھ رابطے کیے ہیں۔ اسماعیل ھنیہ نے مسجد اقصیٰ کے باب الرحمۃ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد، صیہونیوں کی مذہبی غنڈہ گردی اور اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔
انہوں نے عالمی اور اسلامی قیادت سے بات چیت کے دوران قبلہ اوّل کے مؤثر دفاع کے لیے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت پر زو دیا۔ انہوں نے کہا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ کوصیہونیوں کے غاصبانہ پنجوں سے نجات دلانے کے لیے عالم اسلام کی سطح پر مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کی قیادت کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں تازہ کشیدگی اور اسرائیلی فوج کے مقدس مقام پر دھاوؤں کی روک تھام کے لیے رابطے جاری ہیں۔ اسماعیل ھنیہ نے عالم اسلام پر واضح کیا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کی زمانی اور مکانی تقسیم کی سازش کررہا ہے۔