الریاض (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تعاون تنظیم’’ او آئی سی‘‘ نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے دھاوے اور نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کو غیرانسانی اور وحشیانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الریاض میں قائم ’’او آئی سی‘‘ کے صدر دفتر سے جاری ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ پراسرائیلی فوج کا حملہ خطرناک اقدام ہے۔ اسرائیلی فوج کو نکیل نہ ڈال کر اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم مسجد اقصیٰ میں صیہونی گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام پر قبلہ اوّل کے دفاع کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ باب الرحمۃ میں اسرائیلی فوج کی یلغار اور نمازیوں پر تشدد وحشیانہ اقدام ہے اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کررہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ صرف اور صرف مسلمانوں کی ہے جس پر کسی دوسرے مذہب کا کوئی حق نہیں ہے۔ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کی یلغار اور صیہونی آباد کاروں کے اشتعال انگیز دھاوؤں کی تمام ترذمہ داری اسرائیلی حکومت پرعائد ہوتی ہے۔