نیویارک (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی حکومت نے سلامتی کونسل کے مندوبین کو مقبوضہ مغربی کنارے کے دورے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی عبرانی ٹی وی چینل 7 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے سلامتی کونسل میں ایک درخواست دی گئی تھی جس میں کونسل سے کہا گیا تھا کہ وہ غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے عالمی امن مشن کی بے دخلی کے بعد وہاں پر اپنے مبصرین بھیجے کو علاقے کی صورت حال کا جائزہ لے سکیں۔ سلامتی کونسل نے اس حوالے سے اسرائیل سے رابطہ کیا اور عالمی مبصرین کو بھیجنے کی درخواست کی مگر اسرائیلی ریاست نے سلامتی کونسل کی درخواست مسترد کردی۔
عبرانی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈانی ڈانون نے فلسطینی اتھارٹی کی درخواست کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ غرب اردن کے لیے عالمی مبصرین بھجوانے کی کوشش بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔
ادھر سلامتی کونسل میں کویت کے سفیر منصور العتیبی نے کہا ہے کہ فلسطین کے غرب اردن میں سلامتی کونسل کا مبصر مشن بھجوانے کے لیے کونسل کے 15 مستقل ارکان کی حمایت کی ضرورت ہے۔