مقبوضہ مغربی کنارا (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج جمعرات کو اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 20 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 20 مشتبہ فلسطینی مزاحمت کاروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ رام اللہ کے شمال مغربی علاقے دیر ابو مشعل میں فلسطینیوں کا ایک گروپ سڑک پر بم نصب کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ اسرائیلی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے بعد فلسطینی فرار ہوگئے۔ اسرائیلی فوج انہیں پکڑ نہیں سکی۔
ادھر غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں کفین کے مقام پر اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران 5 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے نسلی دیوار کی طرف آنے والی سڑک کے اطراف میں فلسطینیوں کے گھروں پرچھاپے مارے اور گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔
شمالی شہر قلقیلیہ میں جیوس کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کےدرمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔