مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے امام اور ممتاز عالم دین الشیخ ولید صیام کو پرانے بیت المقدس میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران ان کے گھر سے اُٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مسجد اقصیٰ کے انتظامی امور کے ایک عہدیدار رضوان عمرو نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس اداروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب خان الزیت کے مقام پر الشیخ صیام کے گھر پرچھاپہ مارا اور گھر میں گھس کرخواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے گھر میں تلاشی کی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔بعد ازاں الشیخ ولید صیام کو ہتھکڑی ڈال کر ایک فوجی جیپ میں ڈالا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاری کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔