رام اللہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں سوموار کو اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں میں 22 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں کی دیواریں پھلانگ کراندر موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب اور بڑی عمر کے مردوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے تلاشی کی آڑ میں توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے غرب اردن میں چھاپوں کے دوران 22 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ ان میں بعض 18 سال سے کم عمر کے بچے بھی شامل ہیں۔ غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل کے شمالی قصبے بیت امر سے تین، دورا سے ایک اور بیت ریما سے 3 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
ادھر غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں الخضر قصبے سے تین فلسطینی نوجوانوں، سابق اسیر ابراہیم ھانی صومام اور جنین سے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے 14 سالہ ابراہیم حسن عیسیٰ، اور کریم محمد دعدوع کے علاوہ خضرقصبے سے 18 سالہ احمد علی عیسیٰ کو حراست میں لے لیا گیا۔